ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں بھی کینگروز نے شاہینوں کے پرکاٹ دیے

0 comments
بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی صرف 7 رنز بنا سکے۔ فوٹو: اے ایف پی
سڈنی: پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔


سڈنی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیکر ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی، آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 2677 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب  سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا لیکن انجری کے بعد دوبارہ ٹیم جوائن کرنے والے کپتان اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور دوسرے ہی اوور میں صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد شرجیل اور بابر اعظم کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شرجیل خان نے 47 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز بنائے اور ایڈم زمپا کو چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے 40 گیندوں  پر 40 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 47 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک کا بہترین کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا ، عثمان خواجہ 30 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اپنی 12 ویں سنچری مکمل کی اور 119 گیندوں پر 130 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اسٹیون اسمتھ نے بھی 49 رنز بنائے۔
پاکستانی فیلڈرز نے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اضافی رنز دیئے اور 5 اہم کیچز بھی ڈراپ کئے، 2 کیچ حسن علی نے، 2 شرجیل خان نے اور ایک جنید خان نے ڈراپ کیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر برق رفتار 51 رنز جوڑے، عامر کی گیند پر شعیب ملک نے ان کا کیچ لیا۔ گلین میکس ویل نے 44 گیندوں پر 78 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 جبکہ محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور اسد شفیق کی جگہ کپتان اظہر علی کی واپسی ہوئی ہے، سیریز بچانے کے لئے قومی ٹیم کو لازماً میچ جیتنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کا سڈنی گراؤنڈ پر مجموعی ریکارڈ زیادہ بہتر نہیں اور وہ تمام ٹیموں کیخلاف 20 میں سے صرف 6 ون ڈے ہی اپنے نام کرسکی ہے، آسٹریلیا سے 14 میچز میں صرف 4 فتوحات ہاتھ آئیں، گرین شرٹس یہاں گزشتہ پانچوں میچز ہارچکے ہیں۔


0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔