مکہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ہم میں سے اکثر صحت و تندرستی اور مادی استطاعت رکھنے کے باوجود نا صرف خلق خدا کی خدمت سے غافل رہتے ہیں بلکہ صدق دل سے خالق کے حضور پیش ہونے کا خیال بھی نہیں آتا۔ ہم ایسے تمام لوگوں کے لئے یہ عرب بچہ ایمان تازہ کر دینے والی مثال بن گیا ہے جو معذور و مفلوج جسم کے ساتھ نا صرف خلق خدا کا آسرا بن چکا ہے بلکہ ہاتھوں کے بل چل کر طواف کعبہ کی سعادت بھی حاصل کر گیا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق دھڑ کی معذوری اور فالج کا شکار بچہ غانم المفتاح ’کاڈل ریگریشن سنڈروم‘ نامی بیماری کی وجہ سے پیدائشی معذور ہے، لیکن اس کے باوجود ایسے قابل تعریف کام کر رہا ہے کہ ہر کوئی اسے سراہنے پر مجبور ہے۔ اس بچے نے اپنا ذاتی سپورٹس کلب ، آئسکریم شاپ اور متعدد دیگر کاروباری ادارے قائم کرلئے ہیں، جبکہ وہ خیراتی و فلاحی ادارے بھی چلاتا ہے۔ قطر میں آئی پی سی اتھلیٹکس ورلڈ چیمپیئن شپ کے سی ای او امیر الملا نے غانم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا ”یہ بچہ مجسم امید و عزم ہے، اور قطر کی نوجوان نسل کے لئے ایک رول ماڈل ہے۔“
اگرچہ غانم جسمانی طور پر بے حد کمزور تھا لیکن اس نے ثابت کردیا کہ اگر انسان کا جذبہ توانا ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اسے آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔ اس نے اپنی ایک سابقہ ویڈیو میں بیت اللہ کی زیارت کی تمنا کا اظہار کیا تھا، جو بالآخر اب پوری ہوگئی۔ ”کرشماتی بچہ“ کہلانے والا غانم المفتاح اپنے درجنوں خیر خواہوں کے ساتھ عمرہ کے لئے پہنچا اور ہاتھوں کے بل چل کر طواف کعبہ کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر اس کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرنے والوں میں مسجد الحرام کے امام شیخ مہر المیکلی بھی شامل تھے۔
غانم نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے علاوہ مسجد الحرام کے امام سے خصوصی ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا ”اللہ نے میری دعائیں سن لیں اور میں اس قابل ہو گیا کہ اپنے ہاتھوں کے بل کعبة اللہ کا طواف کر سکوں۔ مجھ پر یہ کرم سب سے پہلے تو اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہوا۔ اس کے بعد جن لوگوں نے مجھے مکہ پہنچنے اور یہ سعادت حاصل کرنے میں مدد دی میں ان سب کا شکر گزار ہوں اور انہیں اپنی دعاﺅں میں کبھی نہیں بھولوں گا۔“











0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔